ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے رن آف مرحلے میں رجب طیب اردوان نے ایک مرتبہ پھر فتح حاصل کرلی ہے آئندہ 5 سال کیلئے صدر منتخب ہوگئے، ان کی جیب کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ مسلم ممالک کے سربراہان سمیت عالمی برادری کی جانب سے نومنتخب ترک صدر کیلئے مبارکباد کے پیغاموں کا سلسلہ جاری ہے۔
ترکیہ کے رن آف الیکشن میں رجب طیب اردوان کی جیت کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا، ترک سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین احمد ینر کے مطابق وہ 52 فیصد ووٹ حاصل کرکے ایک بار پھر ترکیہ کے صدر منتخب ہوگئے۔
ترک میڈیا کے مطابق پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
اردوان کے حریف کمال کلچداراولو نے تقریباً 48 فیصد ووٹ حاصل کئے، 6 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ترک شہری ووٹ کے اہل تھے اور ترک انتخابات میں ٹرن آؤٹ 87 فیصد رہا، مجموعی طور پر 5 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
رجب طیب اردوان کی جیت پر ترکیہ بھر میں جشن کا سماں ہے، ان کے حامیوں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہے۔
ترک شہری ہسپتال کے بستر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گیا
ووٹنگ کے دوران دلہا دلہن بھی عروسی لباس پہنے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے۔ جبکہ ترک شہری ہسپتال سے اسٹریچر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترک شہری ہسپتال کے بستر پر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچا۔
ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشن میں موجود افراد نے تالیاں بجا کر مریض ووٹر کی حوصلہ افزائی کی۔
اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان نے استنبول میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے، ملت اتحاد کے صدارتی امیدوار اور رپبلکن پیپلز پارٹی کے چیئرمین کمال کلچدار اولو اور اہلیہ سیلوی کلچدار اولو نے دارالحکومت انقرہ میں ووٹ ڈالا جبکہ الیکشن کمیشن کے سربراہ احمد ینر نے بھی انقرہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔
ووٹ ڈالنے کے بعد جاری کردہ بیان میں احمد ینیر نے کہا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ آج کے انتخابات کے نتائج کا اعلان 14 مئی کے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ جلدی کر دیا جائے گا۔
رجب طیب اردوان فاتح، ترک میڈیا
ترک میڈیا کے مطابق ترک صدر رجیب طیب اردوان نے مسلسل دوسری مرتبہ صدارتی الیکشن میں فتح حاصل کی ہے، رجب طیب اردوان کو 52.1 فیصد ووٹ لیکر فتح حاصل کی،
اپوزیشن کے امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.7 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردوان کو دو کروڑ 67 لاکھ ووٹ ملے۔
رجب طیب اردوان
فتح حاصل کرنے کے بعد رجب طیب اردوان نے قوم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ ہم نے صدارتی انتخابات کا دوسرا دور اپنی قوم کے حق میں مکمل کر لیا ہے۔
استنبول میں بس کے اوپر سے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے پانچ سالوں تک ملک پر حکومت کریں گے۔ انشاء اللہ ہم آپ کے اعتماد کے مستحق ہوں گے۔ قوم کے ہر فرد کا شکریہ ادا کیا جس نے ایک بار پھر ہمیں اگلے پانچ سال تک ترکیہ پر حکومت کرنے کی ذمہ داری سونپی۔
طیب اردوان نے کہا کہ افراط زر اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، مہنگائی سے نکلنا اہم ہدف ہوگا اور یہ ہمارے لئے مشکل نہیں۔
Türkiye’s President Erdogan on election victory:
— TRT World (@trtworld) May 28, 2023
– We completed presidential run-off election with people's support
– I thank all who cast their ballots
– We've been given responsibility to govern for another 5 years pic.twitter.com/YDayMm5PSU
انہوں نے ترک عوام کا شکریہ ادا کیا کہ اس ”جمہوریت کے تہوار“ کا ملک نے انتخاب کے دوران تجربہ کیا۔
صدر نے کہا کہ انشاء اللہ ہم آپ کے بھروسے کے قابل ہوں گے جیسا کہ ہم گزشتہ 21 سالوں سے کر رہے ہیں۔ ملک کے تمام 85 ملین شہری 14 مئی اور 28 مئی کو ہونے والے دو انتخابات کے فاتح ہیں۔
جشن
فتح حاصل کرنے کے بعد ترک صدر رجیب طیب اردوان کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منانا شروع کر دیا۔