کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کی عمارت کے سامنے دھماکا ہوا ہے جس میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کی بلڈنگ کے نزدیک دھماکا اتنا شدید تھا اس کی گونج دور دور تک سنی گئی۔ عمارت اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بھگدڑ مچ گئی۔
جس وقت دھماکا ہوا اُس وقت سرکاری ملازمین اور مختلف کاموں کے سلسلے میں آنے والی شہریوں کی بڑی تعداد عمارت میں موجود تھی۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی طالبان اہلکاروں نے عمارت کا محاصرہ کرلیا۔ امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طو پر تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
فیسوں میں بڑی کمی: عازمین حج وعمرہ کے لئے خوشخبری آگئی
دھماکے میں درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے جب کہ کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے دھماکوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ روز بھی ایک بم دھماکا ہوا تھا جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی داعش خراسان نے قبول کی تھی۔