دبئی : متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایکسپو 2020 کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس مقصد کیلئے شہریوں کو خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
دبئی ایکسپو دنیا کا پہلا اتنا بڑا ایونٹ ہے جو یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گا، متحدہ عرب امارات اس میگا ایونٹ کی کامیابی کیلئے کوشاں ہے۔
ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ایکسپو 2020 دبئی دیکھنے کے لیے سرکاری ملازمین کو خصوصی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پروگراموں میں شرکت کر سکیں۔
یو اے ای ذرائع ابلاغ کے مطابق ایکسپو2020دبئی بین الاقوامی پروگرام ہے۔ اس میں 192 ممالک خلیج کے خطے میں پہلی مرتبہ اپنی اشیاء اور ثقافت کا مظاہرہ کریں گے۔
ایکسپو2020دبئی کے موقع پر سرکاری ملازمین کو چھ دن کی چھٹی تنخواہ کے ساتھ ملے گی, یکم اکتوبر سے مارچ 2022کے آخر تک نمائش جاری رہے گی۔ سرکاری ملازمین یہ چھٹی چھ ماہ کے دوران کسی بھی وقت استعمال کرسکتے ہیں۔
ولی عہد دبئی کا مزید کہنا ہے کہ ایکسپو2020منفرد نمائش ہے کیونکہ دبئی میں پوری دنیا جمع ہورہی ہے، یہاں دنیا کے مختلف علاقوں کی ثقافتوں، علوم و معارف اور منفرد تخلیقات کا مظاہرہ ہوگا۔