بین الاقوامی تنظیم انٹرپول نے جنگلی حیات کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف دنیا بھر میں کارروائی کی ہے۔
انٹرپول نے جنگلی حیات کے غیرقانونی لین دین کے خلاف تھنڈر 2021 کے خفیہ نام سے موسوم کارروائی میں دنیا کے 118 ممالک کے متعلقہ حکام کا اکتوبر کے پورے مہینے کے دوران تعاون حاصل کیا۔
انٹرپول کے مطابق ایک ہزار سے زائد اشیاء تحویل میں لی گئی ہیں اور 300 کے قریب مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسپین میں ایسی ہی ایک کارروائی میں کچھوے، ہاتھی دانت کی بنی اشیا اور دوسری مصنوعات قبضے میں لی گئی ہیں۔ ان اشیا کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر ہے۔
ہالینڈ کے ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حکام نے سینکڑوں زندہ پرندے تحویل میں لیے۔ حکام کے خیال میں انہیں افریقہ سے لایا گیا تھا۔
انٹرپول کے سینئر عہدیدار روری کوکوران نے نشاندہی کی ہے کہ لین دین میں مواصلات کے لیے خفیہ زبان استعمال کی گئی ہے اور کرپٹو کرنسیوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باعث لین دین کا پتہ چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رکن ملکوں کے تعاون سے انٹرپول مجرمان کے خلاف کسی رعایت کے بغیر کارروائیاں جاری رکھے گی۔