مقبوضہ غزہ: غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں جہاں اب تک 2750 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں وہیں ایک ہزار سے زائد لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں امدادی کاموں میں مصروف ریسکیوحکام کا کہنا تھاکہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم ایک ہزار سے زائد لاپتا فلسطینیوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فوج نے کی رات مغربی کنارے پر چھاپہ مار کر درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا ۔اسرائیلی فوج نے رات گئے مغربی کنارے پر متعدد چھاپے مارے جس میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد گرفتار فلطسینیوں کی تعداد 600 ہوگئی ہے۔
حماس کا حملہ ناقابل بیان اور حیران کن تھا،امریکی وزیرخارجہ
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے گرفتار کیا اور اس کی وجہ صرف انتظامی بتائی گئی ہے۔علاوہ ازیں رفاح کی سرحد بند ہونے سے سیکڑوں افراد اب بھی سرحد پر ہی موجود ہیں جب کہ ترکی اور اردن کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد بھی سرحد بند ہونے کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہے۔
غزہ پر اسرائیل کے تباہ کن حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2750 ہوگئی جبکہ دس ہزار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں ، جبکہ 12 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں ۔
غزہ کے ساحلی علاقے میں اسرائیل نے اپنی ہی دی گئی مہلت کےدوران نقل مکانی کرنے والوں کو بھی نہ بخشا ہے اور قافلوں پر حملے جاری ہیں جبکہ محصور لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔