برازیل میں پرانا حساب برابر کرنے کے لیے میئر اور کونسل رکن سیاست کو اکھاڑے میں لے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے چھوٹے شہر کے میئر سماؤ پیگزیٹو اور کونسل رکن ایرینو میریکو ڈا سیلوا کے درمیان کوئی پرانا ذاتی جھگڑا تھا جس کا حساب برابر کرنے وہ دونوں اکھاڑے میں پہنچ گئے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان جھگڑے کا آغاز رکن کونسل کی جانب سے ویڈیو شیئر کرنے سے ہوا جبکہ اس ویڈیو میں دریا کے کنارے کسی سیاحتی مقام کی صورت حال پر میونسپلٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں ڈا سیلوا کی جانب سے دھمکیاں دی گئی جس پر سماؤ پیگزیٹو آگ بگولا ہوگئے اور انہیں لڑنے کا چیلنج کردیا جسے ڈا سیلوا نے بھی قبول کرلیا۔
بعد ازاں اتوار کی صبح شہر کے اسپورٹس سینٹر میں دونوں کے درمیان تین راؤنڈز پر مشتمل فائٹ کا آغاز ہوا جس میں تماشائیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے پسند کے فائٹر کے لیے خوب نعرے بازی کی۔
رپورٹس کے مطابق فائٹ کا آغاز ہوتے ہیں دونوں ایک دوسرے پر لپک پڑے اور پھر گتم گتھا ہوگئے لیکن تھوڑی ہی دیر بعد دونوں تھکاوٹ کا شکار ہوگئے۔
اس میچ کے دوران کونسل رکن نے دو بار میئر کو گرایا لیکن ججز نے میئر ہی کو فاتح قرار دیا جس کے بعد دونوں نے دشمنی کا خاتمہ کرتے ہوئے خوش گوار انداز میں ایک دوسرے کو گلے لگایا۔
مقابلے کے بعد میئر کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کا مقصد اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور چیرٹی کا مقصد حاصل کرنا تھا جبکہ دیکھنے والوں کو کہا گیا تھا کہ ضرورت مندوں کے لیے چندہ دیں۔
واضح رہے کہ اس مقابلے کے انعقاد کے بعد امازونا کے ہیلتھ ریگولیٹر نے دونوں عوامی نمائندگان سے ماسک کے بغیر تماشائیوں کی شرکت پر وضاحت طلب کرنے کا کہا ہے۔