یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کا آج 45 واں روز ہے۔ روسی افواج نے یوکرین کے بنیادی عسکری ڈھانچے کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ اس دوران روسی افواج کی نگاہیں ڈونباس کے خطے پر مرکوز ہیں۔
روسی وزارتِ دفاع کے اعلان کے مطابق یوکرین میں بولٹاوا کے علاقے اور میرہورڈ فضائی اڈے میں گولہ بارود کے متعدد ڈپو تباہ کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح ایک دن کے اندر یوکرین کی 85 عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق اِس کے علاوہ انتہائی درست نشانے پر مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے دنیبرو بٹروویسک کے علاقے میں بھی گولہ بارود کا ایک ڈپو تباہ کر دیا گیا۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف کے اعلان کے مطابق روسی افواج نےیوکرین کے شہر ماریوپول میں سینکڑوں یورپی اجرتی جنگجوؤں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ روسی انٹیلی جنس نے اُن اُجرتی جنگجوؤں کی باہمی گفتگو بھی ریکارڈ کرلی جو 6 زبانوں میں جاری تھی۔
اس سے قبل روسی فضائیہ نے اعلان کیا تھایوکرین میں 54 فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران یوکرین کے جنوب میں اوڈیسا میں میزائلوں اور گولہ بارود کے ایک گودام کو میزائلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
یوکرین میں 6 ہفتوں سے زیادہ عرصے سے جاری روسی فوجی آپریشن کے نتیجے میں اب تک 40 لاکھ افراد بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مبینہ طور پر ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ یوکرین کی ایک چوتھائی آبادی دیگر ممالک میں پناہ کے حصول کے لیے نقل مکانی بھی کر چکی ہے۔