بالی وڈ کے معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ساجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کے والد کا انتقال ہوا تو کسی رشتہ دار نے مدد نہیں کی اور ان کے والد کی آخری رسومات کے انتظامات سلمان خان کے والد نے کیے۔
ساجد خان نے زندگی کے تلخ دور کا تذکرہ رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 16 میں ساتھی امیدوار ارچنا گوتم سے سخت جھگڑے کے بعد کیا۔
دوران شو ساجد اپنے دوستوں شیو ٹھاکرے اور ایم سی اسٹان کے ساتھ ماضی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے رو پڑے۔
انہوں نے کہا ‘ارچنا امیر غریب کی بات کرتی ہے، وہ سمجھتی ہے میں شروع سے امیر تھا لیکن ایسا نہیں ہے’۔
ہدایتکار نے کہا ’14 سال کی عمر میں میرے والد کا انتقال ہوگیا تھا، شراب پینے کی وجہ سے ان کا جگر پھٹ گیا تھا، میری آنکھوں کے سامنے ان کی ناک اور منہ سے خون نکلتے دیکھا پھر وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے’۔
اداکارہ ریچا چڈھا نے اپنی ہی فوج کا مذاق اڑانا مہنگی پڑگئی
ساجد خان نے بتایا ‘میں روتا ہوا کبھی ایک رشتہ دار کے گھر جاتا، کبھی دوسرے، کیونکہ آخری رسومات ادا کرنے کے لیے میرے پاس پیسے نہیں تھے، ایک رشتہ دار کے ہاں گیا تو میں نے اپنے کانوں سے سُنا،انہوں نے اپنے ملازم سے کہا اسے کہو میں گھر پر نہیں ہوں’۔
آبدیدہ ہوتے ہوئے انہوں نے کہا ‘پھر جنازے کے انتظامات سلمان کے والد سلیم انکل نے کیے اور جنازہ ہوجانے کے بعد انہوں نے میرے ہاتھ میں کچھ پیسے بھی دیے جن سے میں گھر کا راشن لے کر گیا اور بجلی کا بل ادا کیا’۔