معروف اداکارہ علیزے شاہ نے سگریٹ نوشی کی ویڈیو کرنے والے شہری کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ سندھ کے ڈائریکٹر عمران ریاض نے بتایا کہ ایسا کرنے والے شخص کو تین سال کی سزا یا 10 لاکھ جرمانے یا یہ دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بغیر اجازت کسی کی بھی ویڈیو بنانا، تصویر لینا اور اسے سوشل میڈیا شیئر کرنا جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
عمران ریاض نے بتایا کہ اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ کیس میں بھی اسی قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا جرائم کی روک تھام کے ایکٹ 2016 کے زمرے میں آتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اداکارہ علیزے شاہ کی گاڑی کے اندر سگریٹ نوشی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، اداکارہ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔