تنازعات کا مسلسل شکار رہنے میں حریم شاہ کو بھی پیچھے چھوڑ دینے والی شخصیت عامر لیاقت حسین نے ایک بار پھر سوشل میڈیا کو خود پر آوازیں کسنے کا موقع دے دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور ٹی ویز کے میزبان عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ کے بارے میں اہم اعلان کیا ہے۔
عامر لیاقت نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ دانیہ کو اپنے ساتھ رمضان ٹرانسمیشن میں لیکر آئیں گے، اس کے علاوہ وہ انہیں شوبز انڈسٹری میں بھی متعارف کرائیں گے۔
عامر لیاقت نے کہا کہ وہ اردو فلکس کے ساتھ کچھ ڈرامے کر رہے ہیں، ممکن ہے کہ وہ ان ڈراموں میں دانیہ کو بھی شامل کریں۔
اپنی عمر کی تقریباً ففٹی مکمل کرنے والے 49 سالہ عامر لیاقت نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی ہے۔
ڈاکٹرعامر لیاقت نے شادی کا اعلان انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ دانیہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں، میں نے شادی پسند کی ہے۔
عامرلیاقت حسین نے 10 فروری کو سوشل میڈیا پوسٹس میں تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے 9 فروری کو خود سے کم عمر 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے شادی کرلی۔
عامرلیاقت نے تیسری شادی کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا تھا جب کہ کچھ ہی گھنٹے قبل ان کی سابق اور دوسری اہلیہ اداکارہ و ماڈل طوبیٰ انور نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے رکن قومی اسمبلی سے خلع لے لی ہے۔