بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کو مبینہ تشدد کے بعد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونم پانڈے نے الزام لگایا ہے کہ ان کے شوہر سیم بومبے نے ان پر تشدد کیا جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر کو اداکارہ پر تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
ایک بھارتی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے پونم پانڈے نے اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بتایا کہ ان کے شوہر سے تعلقات ہمیشہ ہی خراب رہے ہیں کیونکہ ایسے شخص کے ساتھ تعلقات جاری رکھنا جس نے انہیں جانوروں کی طرح مارا ہو ایک اچھا خیال نہیں ہے۔
اداکارہ پونم اس وقت اسپتال میں داخل ہیں کیونکہ ان کا سر، آنکھیں اور چہرہ زخمی ہے۔
اداکارہ پونم کے شکایت درج کروانے کے بعد ان کے شوہر کو گوا سے گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ کے شوہر سیم بومبے جن کا پورا نام سیم احمد بومبے ہے ان کا تعلق بھی بالی ووڈ انڈسٹری سے ہے وہ ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور ایڈیٹر ہیں اور یہ پہلی بار نہیں ہے جب پونم پانڈے نے اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی ہو۔
گزشتہ برس 2020 میں بھی انہوں نے سیم کے خلاف ہراساں کرنے اور دھمکانے کے لئے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی اور کہا تھا کہ انہوں نے سیم سے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ پونم پانڈے اور سیم بومبے گزشتہ برس ستمبر میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، دونوں شادی سے تین سال قبل سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔