پاکستانی فلم انڈسٹری کی ناموراداکارہ زارا نور عباس نے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے جلسے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لاہور تمہاری جرات کو سلام۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں اداکارہ زارا نور عباس نے لاہور جلسے میں اسٹیج پر کھڑے پی ٹی آئی کے چئیر مین عمران خان کی تصویر بھی شئیر کی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز حکومت تسلیم ہے نہ دھمکی آمیز خط پر اس کا کمیشن، دھاندلی کی طرح اس معاملے کی بھی کھلی سماعت مانیں گے، تمام فیصلے ہمارے خلاف دینے والے چیف الیکشن کمشنر کو ن لیگ میں عہد ہ دے دو، غلطی سدھارنے کا واحد طریقہ ہے فوری الیکشن کرائے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کو کال دے رہا ہوں، آپ سب نے گلی، محلوں میں جا کر تیاری کرنی ہے، میری کال کا انتظار کرنا ہے اسلام آباد بلاؤں گا، واضح کر دوں میرا ملک ہے کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتا، فوری الیکشن کرائے جائیں، میں ان کی طرح لندن بھاگنے والا نہیں، جلد الیکشن چاہتا ہوں، غلطی سدھارنے کا واحد طریقہ ہے فوری الیکشن کرائے جائیں، جب تک الیکشن نہیں ہوتے جدوجہد جاری رہے گی، آپ سب تیار رہیں میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔