ممبئی:مس یونیورس 2021 کا ٹائٹل ماڈل و اداکارہ ہرناز سندھو نے جیت لیاہے جن کا تعلق بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ سے ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں وہ تیسری شخصیت ہیں جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے ، اس سے قبل 2000 میں لارا دتا اور ان سے پہلے 1994 میں ششمیتا سین نے مس یونیورس کا خطاب اپنے نام کیا تھا ،ہرناز 21 سال بعد یہ خطاب بھارت لانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
ہرناز سندھو اس کے علاوہ متعدد اعزازات رکھتی ہیں جن میں ’ لیوا مس دیوا یونیورس 2021، 2017 میں مس چندی گڑھ، 2018میں مس ایمرجنگ سٹار انڈیا شامل ہیں۔
ممبئی میں ہونے والی مس دیوا 202 کے مقابلے میں ہرناز نے چندی گڑھ کی نمائندگی کی جس کے بعد وہ سیدھی مس یونیورس کے مقابلے میں جاپہنچیں۔ماڈلنگ کے علاوہ انہوں نے اداکاری میں بھی قسمت آزمائی کی ہے ان کی فلموں میں ’’ یاراں دیاں پو باراں‘‘ اور ’’ بھائی جی کٹاں گے‘‘ شامل ہیں ۔
ہرناز چندی گڑھ میں پیدا ہوئیں اور وہیں سے ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی ،سوشل میڈیا پر جاری پیغامات سے اندازہ ہو تاہے کہ وہ دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے میں انجوائے کرتی ہیں، اس کے علاوہ وہ گلوکاری، اداکاری اور کوکنگ میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں ۔اپنی فٹنس کو بہترین رکھنے کیلئے وہ یوگا، سویمنگ اور گھڑسواری کرتی ہیں جبکہ وہ لکھاری بھی ہیں۔