آرٹی فیشل انٹیلیجنس جسے مصنوعی ذہانت بھی کہتے ہیں،موجودہ دورمیں سائنسی ترقی کا حیرت انگیز انقلاب کہا جائےتوغلط نہ ہوگا۔ اے آئی کے بڑھتے انقلابی کارناموں کو دیکھ کر لگتایہی ہے کہ انسانی ذہانت کی حد توہے مگرآرٹیفیشل انٹیلیجنس کی کوئی حد نہیں۔
آئے روزاے آئی کی نت نئی جہتیں سامنے آتی رہتی ہیں۔ آج کل اے آئی کا نیا فیچر سامنے آرہا ہے جس میں آپ اپنی تصویروں کونئی اور دلکش بنا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ کوئی فلٹر نہیں جومحض چہرے کے نقش ونگارکو نکھاردے بلکہ اے آئی سے تصویرمیں موجود شخصیت کو مکمل طور پر بدلا جا سکتا جس میں چہرے کا میک اپ،بالوں کا انداز،لباس اور اردگرد کا ماحول تک آرٹی فیشل انٹیلیجنس سے بدلا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے ایک اورمشغلہ دے دیا ہے اب اکثر لوگ مشہور شخصیات کی تصاویر کے ساتھ مختلف تجربات کرتے نظرآتے ہیں۔ایسا ہی ایک تجربہ جشن آزادی سے قبل پاکستان کی لیجنڈری پاپ سنگرنازیہ حسن کے مداح نے بھی کیا ۔
سوشل میڈیا پرپاپ سنگرنازیہ حسن کی سبز جوڑے میں ملبوس بے حد خوبصورت اور پُرکشش تصویر منظرعام پر آئی ہے۔
واضح رہے کہ نازیہ حسن کو دنیا سے رخصت ہوئے 2 دہائیوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن نازیہ حسن کی اس تصویر نے ان کے مداحوں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کیا ہو اہے۔ نازیہ حسن کا یہ بدلا اور دلکش روپ دیکھ کر ایک لمحے کے لئے تو ان کے مداح بھول ہی گئے ہیں کہ نازیہ اب ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن ان کے ایک پرستار نے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا جودلچسپ انداز اپنایا اسے سوشل میڈیا پربہت پذیرائی مل رہی ہے۔