لاہور: آئندہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں علی ظفر کی آواز گونجنے کا امکان ظاہر ہوگیا ہے ،ذکا اشرف کے جانے سے صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ابتدائی تین سیزن کے گانے گائے۔ 2018 میں انہیں ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کی طرف سے ہراساں کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا جس نے ان کے کیریئر کو بری طرح متاثر کیا۔
اس کے بعد سے انہیں دوبارہ پی ایس ایل کا ترانہ گانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ علی ظفر پر جرم ثابت نہ ہوسکا لیکن ایک ایسا داغ لگ گیا جو بڑی کوششوں کے باوجود صاف نہ ہوسکا۔ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں سیزن کے لیے علی ظفر کی آواز میں تین ترانے ریکارڈ کرائے ہیں۔
معروف یوٹیوبر’ ڈکی بھائی ‘ اوراہلخانہ کو قتل کی دھمکیاں
ان میں سے ایک کا انتخاب کیا گیا۔ تاہم جب پی ایس ایل فرنچائز کو یہ معاملہ موصول ہوا تو ایک خاتون عہدیدار نے اعتراض کیا۔
انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ماضی کے واقعات کی روشنی میں علی ظفر کو دوبارہ لیگ میں شامل کرنا نامناسب ہوگا کیونکہ اس سے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ اس کو بنیاد بنا کر بورڈ نے علی ظفر کو پروجیکٹ سونپنے کا ارادہ بدل دیا۔
ذکا اشرف نے معاہدے پر دستخط نہیں کیے لیکن اب انتظامی کمیٹی کے چیئرمین کے جانے سے صورتحال بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔ موجودہ حکام کا خیال ہے کہ چونکہ علی ظفر پر جرم ثابت نہیں ہوا ہے اس لیے انہیں موقع فراہم کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہونے کی امید ہے۔