ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر اپنے نام کے آگے سے شوہر کا نام ہٹا دیا جس پر سوالات کھڑے ہوگئے۔
پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں انسٹاگرام پروفائل سے اپنے شوہر امریکی گلوکار و اداکار نک جونس کا نام ہٹایا ہے۔ پہلے انسٹاگرام پر ان کا نام پریانکا چوپڑا جونس تھا تاہم اب انہوں نے اسے شادی سے پہلے والے نام پریانکا چوپڑا میں تبدیل کردیا ہے۔
اداکارہ کے یوں اچانک نام تبدیل کرنے پر میڈیا پر ان کی شادی کے حوالے سے سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے سوالات کرنا شروع کردیے ہیں کہ کہیں پریانکا کی اپنے شوہر سے علیحدگی تو نہیں ہوگی۔
انسٹاگرام پر پریانکاچوپڑا سب سے زیادہ فالو کی جانے والی بھارتی شخصیت ہیں۔ انہیں 70 ملین سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں فالورز کے اعتبار سے پریانکاکا نمبر 42 واں ہے۔ اداکارہ شردھا کپور 67 ملین فالورز کے ساتھ انڈیا میں دوسرے، 64 ملین فالورز کے ساتھ گلوکارہ نیہا ککڑ تیسرے اور 62 ملین فالورز رکھنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی چوتھے نمبر پر ہیں۔