بھارتی اداکارہ سونم باجوہ نے پاکستانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان ان کا کرش ہیں، وہ پاکستانی اداکارکے ساتھ بنا اسکرپٹ پڑھے بھی کام کرنے کو تیار ہیں۔
نئی آنے والی بھارتی پنجابی فلم کیری آن جٹا 3 کی پروموشن کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں کراچی اور لاہور کے صحافیوں سے فلم کی کاسٹ میں شامل گیپی گیوال، سونم باجوہ ، بنو دیلون اورکویتا کوشک اورپاکستان سے ناصرچنیوٹی نے بات کی۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سونم باجوہ سے فواد خان کے متعلق سوال پوچھا۔ سونم نے شرماتے ہوئے جواب دیا کہ وہ فواد خان کی بہت بڑی مداح ہیں.انہوں نے کہا کہ اگر کسی فلم میں فواد خان ہو اوران کو پاکستانی اداکار کے ساتھ کام کرنے کی آفرملے تو وہ بنا اسکرپٹ پڑھے بھی فلم کو سائن کرلیں گی۔ بھارتی اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اب تک دی لیجنڈ آف مولا جٹ تو نہیں دیکھی۔ تاہم انہوں نے لندن نہیں جاونگا اور پنجاب نہیں جاونگی کو دیکھا ہے ۔ سونم نے یہ بھی بتایا کہ وہ پاکستانی ڈراموں کی بھی بہت بڑی مداح ہیں۔ وہ پاکستانی ڈراموں کو کافی شوق سے دیکھتی ہیں ۔ سونم نے صدقے تمہارے ، زندگی گلزار ہے ، اورہمسفر ڈرامے کا نام لیتے ہوئے بتایا کہ انہیں یہ ڈرامے بے حد پسند ہیں۔
سونم باجوہ کیری آن جٹا 3، کیری آن جٹا کی فرنچائز ہے ۔ کیری آن جٹا فلم کا پہلا سیکوئل 2012 میں ریلیز ہوا۔ اس فلم نے بہت کم بجٹ کے باوجود بھی بہت زیادہ بزنس کیا۔
جس کے 5 برس بعد اسی فرنچائز نے اس فلم کے دوسرے سیکوئل کو 2018 میں ریلز کیا۔ کیری آن جٹا 2 میں بھی سونم باجوہ اور گیپی گیوال نے مرکزی کردار ادا کیا۔ فلم کے پرویوسر کا دعویٰ ہے کہ اس سیکوئل میں گذشتہ دونوں سیکوئل سے زیادہ بجٹ رکھا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تیسرے سیکوئل کو بھی فلمی شائقین بہت پسند کریں گے۔
پاکستان میں اس فلم کی ڈسٹری بیوشن(ڈسٹریبیوشن کلب) کے تحت کی جارہی ہے ۔ دنیا کے 30 ممالک میں اس فلم کی نمائش 29 جون سے کی جارہی ہے۔