جب سے عامر لیاقت حسین تیسری مرتبہ دولہا بنے ہیں، خوشی کے مارے ان کے پاوں زمین پر نہیں ٹِک رہے۔
اپنی نئی نویلی اہلیہ 18 سالہ دانیہ شاہ کے ساتھ آئے دن ان کی کوئی نہ کوئی ویڈیو وائرل ہوجاتی ہے۔
کبھی وہ اہلیہ کی آغوش میں شرماتے لجاتے نظر آتے ہیں تو کبھی کسی انٹرویو میں اپنی شادی کا احوال سناتے پائے جاتے ہیں۔
اس بار بھی ان کی ایک ویڈیو کافی وائرل ہورہی ہے جس میں وہ نئی نویلی دلہن کو کراچی کے دو دریا پر ڈنر کرانے پہنچے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر بنائی گئی ویڈیو میں دانیہ بولی وڈ کے مشہور گانے “آ نیند کا سودا کریں” پر لپ سِنک کرتی نظر آرہی ہیں، جبکہ عامر لیاقت ان کے پہلو میں کھڑے خمار بھری نگاہوں سے انہیں نہارتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
ویسے تو عامر لیاقت پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن بنے ہیں، لیکن دل ان کا ابھی بھی سابقہ جماعت سے ہی جڑا ہے۔
عامر لیاقت کی جانب سے آئے دن اپنی ہی پارٹی کے خلاف بیانات جاری ہوتے رہتے ہیں۔
حالانکہ انہوں نے بارہا جتایا ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان سے بہت محبت ہے اور وہ ان کا بہت احترام بھی کرتے ہیں۔
لیکن شاید ان کے اندر موجود کراچی والا شہر کی بے بسی اور لاوارثی کو دیکھ کر چپ نہیں رہ پاتا، اور وہ شہرِ قائد کی بربادی کے خلاف آواز اٹھانا اپنا حق سمجھتے ہیں۔ پھر چاہے وہ اپنی ہی جماعت خلاف کیوں نہ ہو۔