عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور کی محبت تو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں دونوں نند بھابھی ہر انٹرویو میں ایک دوسرے کے گن گاتی نظرآتی ہیں۔ اب تو عالیہ ہی نہیں کرینہ کپور خان نے بھی عالیہ کے ساتھ فلم کرنے کی پُرزورخواہش ظاہر کردی ہے۔
عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر اپنی اور کرینہ کی ایک ساتھ تصویر شیئر کر کے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ کرینہ کے ساتھ فلم کرنا چاہتی ہیں.
کرینہ کپور خان اور عالیہ بھٹ ایک برانڈ کی تشہیر کے سلسلے میں کسی تقریب میں گئیں تو کرینہ سے صحافی نے پوچھا کہ کیا وہ عالیہ کے ساتھ فلم کرناچاہتی ہیں ؟ تو ظاہر ہے اس پر کرینہ نے اور کیا کہنا تھا انہوں نے بھی کہہ دیا کہ ہاں اگر ہمیں اچھا سکرپٹ ملے گا توہم ایک ساتھ فلم ضرورکریں گے۔ انڈیا میں بہت اچھے ڈائریکٹرز ہین جن کے پاس اچھے سکرپٹس ہوتے ہیں۔ اگرہم سے کسی نے رابطہ کیا اور معقول سکرپٹ ہواتو ہمیں ایک ساتھ کام کر کے بہت اچھا لگے گا۔
عالیہ اور کرینہ نے ایک برانڈ کے لئے فوٹوشوٹ کیا۔ جس کی تصویریں عالیہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ساتھ فلم بھی کرنی چاہیے۔
عالیہ نے تصویر کی کیپشن میں لکھا کہ کیا ہم سے بہترجوڑی ہو سکتی ہے ؟ پلیز کوئی ہمیں ایک ساتھ کاسٹ کر لے تا کہ ہم زیادہ وقت ایک دوسرے کے ساتھ سیٹ پر گزار سکیں۔
اکثرانٹرویوز میں دیکھا گیا ہے کہ عالیہ اپنی نند یعنی کرینہ کپور کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں۔ عالیہ بھٹ اس وقت بالی ووڈ کی سب سے کامیاب اداکارہ سمجھی جا رہی ہیں جو رنبیر کپور سے شادی اور ایک بیٹی کی پیدائش کے بعد بھی بڑی بڑی اداکارائوں کو پیچھے چھو ڑ گئی ہیں لیکن ان کی باتیں سنیں تولگتا ہے وہ کرینہ کو رول ماڈل کی طرح دیکھتی ہیں۔
عالیہ بھٹ نے اپنے کئی انٹڑویوز میں بتایا کہ کرینہ نے بالی ووڈ میں رجحان پیدا کیا کہ آپ شادی کے بعد بھی گلیمرس ہیروئن کے کردارنبھانے کے لئے فٹ رہ سکتے ہیں۔
عالیہ کے مطابق اس سے پہلے شادی کے بعد بالی ووڈ ایکٹرسز کو گلیمرس رولز نہیں ملتے تھے. اب ایشوریا رائے بچن کی مثال ہی لے لیں جب سےان کی شادی ابھیشیک بچن سے ہوئی ہے فلموں میں نظرتوآتی ہیں لیکن اب کسی بڑے گلیمرس رول میں ایشوریا رائے بچن کسی ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کی پہلی تو کیا دوسری اور تیسری پسند بھی نہیں ہوتیں۔
عالیہ بھٹ ایک طرف کرینہ کپور کی فین تو ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اب کرینہ کو فلمیں نہیں مل رہیں کیونکہ کرینہ اپنے کیریئر کی سیکنڈ اننگز بھی کھیل چکی ہیں اس لئے اب ان کی محبت میں عالیہ سوشل میڈیا کا سہارا لے کر پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں تاکہ کرینہ کے دم توڑتے فلمی کیریئر کو کچھ سانسیں دے سکیں۔