بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ شادی کی سالگرہ ماننے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی روز سے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر نک جونس کی علیحدگی کی خبریں زیر گردش تھیں جسے نہ صرف پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے بکواس قرار دیا بلکہ خود اداکارہ نے بھی اپنے شوہر کی پوسٹ پر کمنٹ کرکے ان خبروں کو غلط ثابت کیا۔
دراصل پریانکا چوپڑا کی نک جونس سے علیحدگی کی خبروں کی وجہ خود اداکارہ بنیں، جب انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے نام کے آگے سے نک جونس کا نام ہٹا کر صرف پریانکا چوپڑا کردیا جس سے ان کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے اپنی شادی کی تیسری سالگرہ مناکر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کو غلط ثابت کردیا اور سوشل میڈیا پر ایک مختصر سی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں پریانکا چوپڑا ایک کمرے میں موجود ہے جسے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔
امریکی گلوکار واداکار نک جونس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ مختصر ویڈیو شیئر کی اور کیپشن میں صرف 3 سال لکھا اور ساتھ دل والا ایموجی بھی بنایا جب کہ پریانکاچوپڑا نے انسٹاگرام پر اسی ویڈیو کی ایک تصویر شیئر کی۔
واضح رہے بالی ووڈ اداکارہ پریانکاچوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے 2018 میں مختلف تقاریب میں ایک ساتھ دکھائی دیے جس کے بعد انہوں نے دسمبر 2018 کو شادی کرلی، ان کی شادی ہندو رسم ورواج اور عیسائی عقیدے کے مطابق ہوئی۔