امریکیوں کی اکثریت روس کے ساتھ جنگ کی نہیں بلکہ سفارت کاری کی خواہشمند ہے۔
ممکنہ امریکی ووٹروں کے ڈیٹا فار پروگریس سروے کے مطابق امریکی عوام روس کے ساتھ جنگ نہیں سفارتی تعلقات کی حمایت کرتی ہے کیونکہ یوکرین تنازع بڑھتا ہی جا رہا ہے۔
سروے میں 71 فیصد ڈیموکریٹس اور 46 فیصد ریپبلکن نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ روس کے ساتھ سفارتی حل تلاش کرے اور فوجی تنازعے کی طرف جانے والے راستے سے گریز کرے۔
مجموعی طور پر 58 فیصد افراد کسی حد تک یا مکمل طور پر بائیڈن انتظامیہ کی حمایت کرتے ہیں کہ روس سے معاہدہ کرکے یوکرین پر جنگ سے بچا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو کشیدگی میں کمی اور جنگ سے بچنے کی کوششوں میں روس کو رعایتیں دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
جنگ کے مخالف افراد نے وائٹ ہاؤس کے باہر ریلی بھی نکالی جس میں واشنگٹن پر زور دیا گیا کہ وہ روس کے ساتھ اپنے جنگی بیانات کو کم کرے اور امن اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلہ حل کرے۔
مظاہرین نے بائیڈن انتظامیہ سے ماسکو کی مخالفت ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ایسے حالات میں کشیدگی بڑھنے سے تباہ کن جنگ شروع ہو سکتی ہے۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور یوکرین کو امریکی ساختہ ہتھیاروں کی ترسیل کی اجازت دے دی ہے۔