تائی پے: امریکا سے ایک اور وفد تائیوان پہنچ گیا ہے جس نے علاقے کی کشیدگی مزید بڑھا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر نینسی پیلوسی کے بعد امریکی کانگریس اراکین کا ایک اور وفد تائیوان پہنچ گیا، جس کے بعد چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی پھر بڑھ گئی۔
امریکی وفد کی قیادت میساچوسٹس کے ڈیموکریٹک سینیٹر ایڈ مارکی کر رہے ہیں، یہ 2 روزہ دورہ غیر اعلانیہ ہے، اور یہ رواں ماہ تائیوان کا دورہ کرنے والا دوسرا کانگریس وفد ہے۔
چین نے تائیوان کے اطراف ایک بار پھر فوجی مشقیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا چین قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم اور سخت اقدامات کرے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا مٹھی بھر امریکی سیاست دان تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کے ساتھ ملی بھگت سے ون چائنا کے اصول کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ان کی پہنچ سے باہر ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس اراکین نے تائیوان کی صدر سے ملاقات کی۔
ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی 25 سالوں میں پہلی امریکی اسپیکر تھیں جنھوں نے ایک ایسے وقت میں تائیو ان کا دورہ کیا تھا جب واشنگٹن اور بیجنگ کے تعلقات خاصے کشیدہ ہیں، اور اس دورے پر چین کا غصہ کھل کر سامنے آیا۔
سینیٹر مارکی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 5 رکنی وفد کے اس نئے دورے کا مقصدتائیوان کے لیے امریکی حمایت کی ایک بار پھر یقین دہانی کرانا ہے۔