متحدہ عرب امارات نے نیا شیڈول متعارف کرواتے ہوئے ملازمین کو بڑا ریلیف فراہم کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملازمین کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے اور ان کے لیے نیا شیڈول متعارف کروایا ہے جس کے تحت انہیں ہفتے میں ڈھائی دن چھٹی کرنے کا موقع ملے گا۔
یو اے ای نے ملازمت پیشہ افراد کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کو عام تعطیل کا اعلان کردیا اور جمعہ کو ہاف ڈے ہوگا یعنی تمام ملازمین پورے ہفتے میں صرف ساڑھے 4 دن کام کریں گے۔
نئے شیڈول کے مطابق ملازمین پیر سے جمعرات تک روزانہ صرف 8 گھنٹے کام کریں گے اور ان کے دفتری اوقات صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 3 بجے رکھے گئے ہیں۔
اس کے برعکس جمعہ کو ملازمین صرف ساڑھے 4 گھنٹے کام کریں گے اور کے ان کے اوقات صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 بجے تک رکھے گئے ہیں اور جو لوگ جمعہ کے روز دفتر نہیں آنا چاہتے ان کے لیے ’ورک فرام ہوم‘ گھر سے کام کرنے کی سہولیت بھی موجود ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری کیا گیا نیا شیڈول کا اطلاق اگلے سال سے ہوگا اور ملک کے تمام وفاقی اداروں کو یکم جنوری 2022 سے ان اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں نماز جمعہ کے خطے کے لیے ایک بجکر 15 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ یو اے ای حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین کے لیے طویل ویک اینڈ رکھنے کا مقصد کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔