بھارتی ریا ست تامل ناڈومیں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تمل ناڈو کے علاقے کنور میں فوجی ہپلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے اور اس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔
تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ، دفاعی معاون، سیکورٹی کمانڈوز اور فضائیہ کے پائلٹ سمیت کل 14 افراد سوار تھے۔
ابتدائی طور پر بھارتی حکام نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور 3 زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے تاہم اب وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب بھارتی فضائیہ کی جانب سے بھی ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارتی فضایہ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جنرل بپن راوت کون ہیں؟
جنرل بپن راوت بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ہیں، کہا جاتا ہے کہ یہ عہدہ جنرل بپن راوت کے لئے خاص طور پر تخلیق کیا گیا، 31 دسمبر 2019 کو بحیثیت سربراہ بھارتی فوج ان کی ریٹائرمنٹ سے صرف ایک روز قبل انہیں چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا گیا۔
جنرل بپن راوت کو ذہنی طور پر بھارتی ہندو انتہا پسند جماعتوں کے قریب ترین سمجھا جاتا ہے، ماضی میں وہ اپنے عہدے کے برخلاف شہریت قانون کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے والوں پر تنقید کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ جنرل بپن راوت ہی کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم کی نئی داستانیں رقم ہوئیں۔ بھارتی آئین میں مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت سے متعلق قانون کو ختم کئے جانے کے بعد وہاں تحریک کو دبانے کی حکمت عملی بھی بپت راوت ہی کی تھی۔