تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی شہر کرمان میں دھماکوں کے ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کا اعلان کر دیا، صدر ابراہیم رئیسی نے اپنا دورہ ترکیہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ایک بار پھر تباہی پھیلائی اور بڑی تعداد میں لوگوں کو شہید کیا،اس تباہی کا انشاء اللہ سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کرمان میں دھماکوں کے بعد ایک مذمتی بیان جاری کیا جس میں ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کی جلد شناخت کر کے ان کو سخت سزا دی جائے گی،
ہمارے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اقدامات ایرانی قوم کے پختہ عزم کو کبھی متاثر نہیں کر سکتے۔
نیا فوجی آپریشن کئی مہینوں تک جاری رہے گا، اسرائیل
چینی صدر شی جن پنگ نے ایران میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایران کے شہر کرمان میں دہشت گرد حملے پر صدمہ ہوا ہے جس میں84افراد جاں بحق ہوگئے ۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ چینی حکومت اور عوام کی جانب سے متاثرین سے تعزیت اور زخمیوں اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور قومی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ایران کی کوششوں کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔
قبل ازیں چین کی وزارت خارجہ نے ایران میں ہونے والے دھماکوں پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حملوں کا سخت جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔