میگدلینا اینڈرسن سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوگئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئیڈن کی پارلیمنٹ نے میگدلینا اینڈرسن کو وزیر اعظم منتخب کرلیا ہے۔ وہ ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہیں۔
وزارت عظمیٰ سنبھالنے سے قنل میگدلینا اینڈرسن وزیر خزانہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی تھیں۔ 117 ارکان پارلیمنٹ نے ان کے حق میں جب کہ 174 نے ان کی مخالفت کی لیکن سوئیڈن میں رائج قوانین کی رو سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو پارلیمنٹ میں اکثریت کی ضرورت نہیں ہوتی۔
میگدلینا اینڈرسن سے قبل اسٹیفن لوفوین 7 سال تک ملک کے وزیر اعظم رہے تاہم 10 نومبر کو انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاکہ ان کی جگہ آنے والا وزیراعظم ملک میں 2022 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاری کرسکے۔
جس کے بعد سوئیڈن میں گزشتہ چند ماہ سے سیاسی غیر استحکام تھا، چند روز قبل میگدلینا اینڈرسن کو اپنی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سونپی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ کی ایک اور اہم سیاسی جماعت اور اتحادی ’دی گرینز‘ کی بھی حمایت حاصل کی تھی۔