اداکارہ اور ٹی وی میزبان عفت عمر نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ۔
اداکارہ عفت عمر نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز کو چھوڑنے سے متعلق گفتگو کی اور شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بھی بتائی۔
عفت عمر نے ٹی وی میزبان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 26 سال کی عمر میں شادی کی اور اپنی شادی کی وجہ سے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی کیوں کہ اس وقت میں خود کو ایک اچھی خاتون خانہ ثابت کرنا چاہتی تھی اور میں نے اپنے عروج پر شوبز کو چھوڑا۔
اداکارہ نے کہا کہ شادی شدہ زندگی کو وقت دینے کے بعد میں نے دوبارہ شوبز میں انٹری دی اور اس بار ڈراموں میں ماں والے کردار ادا کیے لیکن میں اپنے کام سے خوش نہیں ہوں اور اس کی وجہ اچھا کام نہ ہونا ہے، میری پسند کے ڈرامے اس ملک میں نہیں بن رہے۔
عفت عمر کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں اچھے ڈرامے بالکل بھی نہیں بن رہے اور اس لیے میں شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کررہی ہوں، مجھے افسوس سے یہ کہنا پڑرہا ہے کہ میں اب پاکستانی ڈرامے دیکھتی بھی نہیں ہوں بلکہ انٹرنیشنل پروگرام دیکھنا پسند کرتی ہوں۔