جدہ: ماہر فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔
سعودی عرب کے ماہرفلکیات ڈاکٹرعبداللہ المسند کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا جبکہ عید الفطر 2 مئی 2022 کومتوقع ہے۔
سعودی ماہرفلکیات ڈاکٹرعبداللہ المسند نے کہا کہ امسال ماہ شعبان 29 دن جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پرمشتمل ہوگا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت سائنس اور فلکیات نے رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخوں کا اعلان بھی کردیا ہے۔
یو اے ای ماہرین کے مطابق رواں ہجری سال رمضان المبارک 2 اپریل کو شروع ہوگا جبکہ عیدالفطر 2 مئی کو ہوگی۔
عرب فیڈریشن آف اسپیس اینڈ فلکیات سائنس کے رکن ابراہیم الجروان نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک ہفتہ 2 اپریل 2022 کو شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ ماہ رمضان کے شروع ہونے کا حتمی اعلان چاند دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخ کا اعلان چاند کی رویت کے بعد کیا جاتا ہے تاہم ممکنہ طور پر ملک بھر میں اس بار روزے کا آغاز اپریل کے شروع اور عید الفطر مئی کے آغاز میں ہی ہوگی۔