نیودہلی: بالی ووڈ کے معروف گلوکار اور گلوکار’ ہنی سنگھ‘ کی اہلیہ شالینی تالوار نے شوہر کے خلاف گھریلو تشدد اور جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کروانے کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گھریلو تشدد کا نشانہ بننے پر گلوکار یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شیلنی تلوار نے شوہر کے خلاف دہلی کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔
اہلیہ شیلنی تلوار نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ شوہر یو یو ہنی سنگھ کی جانب سے مجھے جسمانی، زبانی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شوہر کی آمدنی چار کروڑ روپے ماہانہ ہے اور وہ ان پیسوں کو شراب نوشی، منشیات اور عیاشی پر خرچ کرتے ہیں۔
یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ نے درخواست میں یہ بھی کہا کہ شوہر نے کئی لڑکیوں سے جنسی تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہنی سنگھ کی اہلیہ نے پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلینس ایکٹ کے تحت نیودہلی کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے،عدالت میں ان کے وکلا پیش ہوئے اور درخواست جمع کروائی۔
عدالت نے ہنی سنگھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 28 اگست کو جواب بھی طلب کرلیا۔۔ تاہم یو یو ہنی سنگھ کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔گلوکار یو یو ہنی سنگھ اور شیلنی تلوار کی شادی 2011ء میں ہوئی تھی۔
دونوں شادی سے قبل ایک دوسرے کو کئی سالوں تک ڈیٹ کرتے رہے۔