ممبئی: سابق مس انڈیا اور بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے سرجری کروانے کی خبر دے کر مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
سشمیتا سین نے لکھا کہ میں آپ سب کو ایک راز کی بات بتانا چاہتی ہوں، ’آریا 2‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد میں نے اپنی صحت کو بہتر کرنے پر توجہ دی، 16 نومبر کو میری ایک کامیاب سرجری ہوئی اور اب ہر گزرتے دن کے ساتھ میں بہتر سے بہتر محسوس کر رہی ہوں تاہم یہ نہیں بتایا کہ کس مقصد کیلئے کس حصے کی سرجری کی گئی ۔
سشمیتا سین نے گزشتہ روز 19 نومبر کو اپنی 46 ویں سالگرہ منائی ہے۔ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے میں نے دوسری بار جنم لیا ہو اور اسے میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔
مداحوں کی پریشانی اور سوالات کے بعد سشمیتا سین نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ میری سرجری کا سن کر آپ لوگ پریشان ہوگئے، میں بالکل خیریت سے ہوں، اگر مجھے کچھ ہوتا تو میں آپ لوگوں کو ضرور اطلاع دیتی۔
سشمیتا سین نے مزید کہا کہ ’’آپ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، میں صحت یاب ہو رہی ہوں لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا‘‘ ۔