ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو شناخت کے لیے برلن جاتے ہوئے ممبئی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ 72 ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے اپنی بہن شاہین بھٹ کے ہمراہ برلن جارہی تھیں کہ انہیں دستاویزات اور شناخت کی تصدیق کے لیے ممبئی ایئر پورٹ پر روک لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی عالیہ اور ان کی بہن ڈیپارچر (روانگی کے دروازے) پر پہنچیں تو سی آئی ایس ایف کے ایک افسر نے انہیں روکا اور ان سے اپنی دستاویزات پیش کرنے کو کہا۔
آفیسر نے اداکارہ سے کہا کہ وہ اپنی دستاویزات کی تصدیق کے لیے اپنا ماسک اتار دیں۔ بعد ازاں تصدیق کے بعد عالیہ اور شاہین بھٹ دونوں کو اندر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ 72 ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں عالیہ کی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ کا ورلڈ پریمئر ہوگا اور اسی سلسلے میں عالیہ برلن روانہ ہوئی ہیں۔