لاہور:سٹیج اداکارہ دعا چوہدری نے اپنے شوہر پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے پولیس سٹیشن میں درخواست دے دی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق صبا عامر عرف دعا چوہدری کی طرف سے تھانہ اچھرہ میں دی گئی اس درخواست میں بتایا گیا ہے کہ اس نے تین سال قبل ایس ایچ او مناواں کے بھائی سلیمان شوکت کے ساتھ شادی کی تھی اور 14لاکھ روپے کا جہیز ساتھ لائی تھی۔
دعا چوہدری کے مطابق سلیمان شوکت نے اچھرہ میں کرائے پر ایک گھر لیا اور اداکارہ کو اس گھر میں رکھا۔
کچھ عرصہ بعد اس نے اداکارہ پر تشدد شروع کر دیا۔ اسی مارپیٹ کی وجہ سے اداکارہ کا ایک حمل بھی ضائع ہو گیا۔ پھر ایک روز اس نے اداکارہ کو بہانے سے گھر کے باہر بلا کر گھر کو باہر سے تالا لگا دیا۔
دوسری طرف سلیمان شوکت کا کہنا ہے کہ وہ ایک سافٹ ویئر انجینئر ہے اور اداکارہ دعا شادی کی آڑ میں اس سے لاکھوں روپے بٹور چکی ہے۔
سلیمان شوکت کی طرف سے تشدد کے الزام کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔