انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ غزہ میں فوری پائیدار جنگ بندی کی تاریخی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق صدر اردگان نے امریکی صدر بائیڈن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے غزہ میں طول پکڑتے حملے عالمی سطح پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
صدر رجب طیب نے امریکی صدر جوبائیڈن سے کہا کہ امریکا اسرائیل کی غیر مشروط حمایت بند کردے تو غزہ میں فوری جنگ بندی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری جاری ہے ، اسرائیلی فوج نے غزہ میں خان یونس اور رفح سمیت پوری غزہ پٹی پر بم برسا کر گھروں میں موجود کئی خاندانوں کو نشانہ بنا ڈالا، اسرائیلی حملوں میں مزید 180 فلسطینی شہید ہو گئے۔
روس کا اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کیلئے اقوام متحدہ کانفرنس بلانے کا مطالبہ
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 7اکتوبر سے اب تک شہیید فلسطینیوں کی تعداد 18ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ پچاس ہزار زخمی ہیں ۔
عالمی صحافتی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ (سی پی جی)نے کہا ہے کہ موجودہ اسرائیل فلسطین تنازعے میں 63 صحافی مارے جاچکے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سی پی جے کے اعلامیے کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 56 فلسطینی رپورٹر جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں چار اسرائیلی اور تین لبنانی رپورٹر بھی مارے گئے ۔سی پی جے نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازعے میں 3 صحافی لاپتا اور 19 گرفتار کرلئے گئے ہیں۔