ممبئی: اداکارہ جیکولین فرنینڈس کا منی لانڈرنگ کیس میں ملوث دھوکے باز شخص سکیش چندرشیکھر کے ساتھ تعلقات کا اثر ان کے کیر یئر پر بھی پڑنے لگا ہے جس کی وجہ سے ان کا کام متاثر ہورہا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ملوث سکیش چندر شیکھر کے ساتھ تعلقات اور اس سے کروڑوں روپے کے تحائف لینے کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے سرخیوں میں ہیں۔
اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ جیکولین کا سکیش چندر شیکھر کے ساتھ نام سامنے آنے کے بعد انہیں فلم سے ہاتھ دھونا پڑگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جیکولین فرنینڈس پون کلیان کی تیلگو فلم کا حصہ تھیں لیکن اب انہیں فلم سے نکال دیا گیا ہے۔
تاہم فلم کے ہدایت کار کرش جگرلامودی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے فلم سے باہر ہونے کا سکیش چندر شیکھر کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بالی وڈ اداکاراؤں پر منی لانڈرنگ کیس کے ملزم سے قیمتی تحائف لینے کا الزام
انہوں نےجیکولین کی فلم سے باہر ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جیکولین شوٹنگ کی تاریخ کے مسائل کی وجہ سے فلم کرنے سے قاصر تھیں اس لیے وہ فلم سے باہر ہوگئیں اور ہم نے ان کی جگہ اداکارہ نرگس فخری کو کاسٹ کرلیا۔
انہوں نے میڈیا پر بھڑکتے ہوئے کہا کہ میڈیا غیر ضروری طور پر ایک پرانے معاملے کو ایسے وقت میں اٹھارہاہے جب اداکارہ خبروں میں ہیں۔ میں دوبارہ کہتا ہوں کہ جیکولین کو فلم سے نکالنے کا معاملہ ایک سال پہلے ہوا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس اور نورا فتیحی کا دھوکے بازی اور بھتہ خوری میں ملوث مجرم سکیش چندر شیکھر سے کروڑوں کے تحائف لینے کا انکشاف ہوا تھا۔ اسی کیس کے سلسلے میں اداکارہ سے کئی بار پوچھ گچھ بھی کی جاچکی ہے۔