تل ابیب: اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہر کوئی غزہ میں زمینی آپریشن کی بات کر رہا ہے، یہ کچھ الگ بھی ہو سکتا ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق اس مرحلے پر غزہ میں انسانی بنیادوں پر کوئی سیز فائر نہیں ہوا،
یرغمالیوں سے متعلق حماس کی ویڈیو نفسیاتی جنگ کا حصہ ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی ناکہ بندی کرکے اسرائیل نے بجلی کی ترسیل اور خوراک کی فراہمی بند کر رکھی ہے جس پر کئی ممالک نے اسرائیل سے ناکہ بندی ختم کرنے اور زمینی حملے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، ایک ہزار افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ سب یہ سمجھ رہے ہیں کہ غزہ میں فوجی کارروائی اب زمینی آپریشن ہوگا لیکن ہم جنگ کے جس اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں وہ کچھ نیا بھی ہوسکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر بین الاقوامی قوانین کے تحت ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں کیوں کہ تاحال انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جنگ بندی نہیں ہوئی۔
غزہ کی ناکہ بندی کے بعد مصر نے بھی رفاہ کراسنگ بارڈر بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی محصور ہوگئے ہیں اور ان تک انسانی ہمدردی کے تحت بھیجے جانا والا امدادی سامان بھی نہیں پہنچ پا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے میں اب تک 3 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں ہزار سے زائد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔